Go to ...
Muttahida Quami Movement on YouTubeRSS Feed

قصورمیں معصوم بچی زینب سمیت بارہ بچیوں سے زیادتی کے بعدبہیمانہ قتل کے لرزاخیزواقعات پرسربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرمحمدفاروق ستارکااظہارمذمت


قصورمیں معصوم بچی زینب سمیت بارہ بچیوں سے زیادتی کے بعدبہیمانہ قتل کے لرزاخیزواقعات پرسربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرمحمدفاروق ستارکااظہارمذمت
قصور میں جنسی ہوس میں مبتلا گروہ شیطانیت کی تمام حدیں پارکرچکا ہے، ڈاکٹر محمد فاروق ستار 
قصور کی پولیس و انتظامیہ کا بچیوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات میں کسی قسم کی پیش رفت نہ کرنا اور بچیوں کو جنسی ہوس میں مبتلا درندوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، ڈاکٹر محمد فاروق ستار 
بچیوں کے ساتھ بہیمانہ تشدد اور قتل ہمارے قومی وقار کو نہ صرف مجروح کرتا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر ساکھ کوبھی متاثر کررہا ہے، ڈاکٹر محمد فاروق ستار
قصور میں بچیوں زیادتی اور قتل میں ملوث درندوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور بچیوں کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں ، ڈاکٹر محمد فاروق ستار 
زیادتی اور قتل کا نشانہ بننے والی بچیوں اور پولیس فائرنگ سے احتجاج میں شریک کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار
کراچی ۔۔۔10، جنوری 2018ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے نے قصور میں معصوم بچی زینب سمیت 12بچیوں سے زیادتی کے بعد بہیمانہ قتل کے لرزا خیز واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ قصور میں جنسی ہوس میں مبتلا گروہ شیطانیت کی تمام حدیں پارکرچکا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قصور میں بچیوں سے زیادتی اوربے رحمانہ قتل کے واقعات تسلسل کے ساتھ رونما ہورہے ہیں اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران 12بچیوں کو جس طرح سے اغواء کے بعد قتل کیا گیا ہے وہ پولیس و انتظامیہ کی کھلی نااہلی کو ثابت کرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ قصور کی پولیس و انتظامیہ کا بچیوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات میں کسی قسم کی پیش رفت نہ کرنا اور بچیوں کو جنسی ہوس میں مبتلا درندوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچیوں کے قتل اور زیادتی پر احتجاج کرنے والے شہریوں پر پولیس کی فائرنگ اور تشدد دکھ اور صدمے میں مبتلا شہریوں کے ساتھ ایک اور ناانصافی اور زیادتی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے پولیس فائرنگ سے 2شہریوں کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کابھی اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ زیادتی اور قتل کے خلاف سراپا احتجاج شہریوں کے ساتھ بہیمانہ سلوک کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف فی الفور ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ بچیوں سے زیادتی اور انہیں قتل کرنے میں ملوث درندے انسان تو کجا شیطان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں اور قصور میں ایسے درندوں گرد گھیرا فی الفور تنگ کیاجائے اور انہیں عبرتناک سزائیں دی جائیں۔ڈاکٹر محمد فاروق ستارنے مزید کہا کہ بچیوں کے ساتھ بہیمانہ تشدد اور قتل ہمارے قومی وقار کو نہ صرف مجروح کرتا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر ساکھ کو بھی متاثر کرتا ہے ۔انہوں نے زیادتی اور قتل کا نشانہ بننے والی بچیوں کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور انہیں صبر کی تلقین کی ۔ انہوں نے کہاکہ بچیوں کے لواحقین انصاف کے حصول سے ہرگز مایوس نہ ہوں اور انشاء اللہ تعالیٰ قتل اور زیادتی کے واقعات میں ملوث درندے ضرور اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ قصور میں بچیوں زیادتی اور قتل میں ملوث درندوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور بچیوں کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔

Tags: ,

More Stories From Urdu News