Go to ...
Muttahida Quami Movement on YouTubeRSS Feed

جیل میں علاج ومعالجہ کی عدم سہولت کے باعث ایم کیوایم(پاکستان)لیاری ٹاؤن کے کارکن محمدحسین جان شہیدکومیوہ شاہ کے قبرستان میں سپردخاکردیا گیا


جیل میں علاج ومعالجہ کی عدم سہولت کے باعث ایم کیوایم(پاکستان)لیاری ٹاؤن کے کارکن محمدحسین جان شہیدکومیوہ شاہ کے قبرستان میں سپردخاکردیا گیا
شہید کی نما زجنازہ رنچھوڑ لائن میں واقع حنفیہ مسجد میں ادا کی گئی
نماز جنازہ اور تدفین میں کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار ، رابطہ کمیٹی کے رکن عادل خان ، میئر کراچی وسیم اختر ، ڈپٹی میئر ارشد وہرا ، سی ای سی کے اراکین ، ذمہ داران ، کارکنان اور ہمدردوں کی بڑی تعداد میں شرکت
محمد حسین جان شہید ایم کیوایم (پاکستان ) کے آٹھویں کارکن ہیں جو جیل میں صحت کی سہولت بروقت نہ ملنے کے باعث شہید ہوگئے ہیں، کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار
ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے ،اب ہمارا قتل عام بند ہونا چاہئے ، ڈاکٹر محمد فارو ق ستار
پالیسیوں پر عدالتوں کو نہیں چلنا چاہئے بلکہ انہیں عدل و انصاف کرنا چاہئے، ڈاکٹر محمد فارو ق ستار
انصاف کے تقاضوں کو پورا کیاجائے، ایم کیوایم کے اسیر کارکنوں پرجھوٹے مقدمات پر کمیشن تشکیل دیاجائے ، ڈاکٹر محمد فاروق ستار
کراچی ۔۔۔5، مئی 2017ء
گزشتہ روز جیل میں علاج و معالجہ کی عدم سہولت کے باعث شہید ہونے والے ایم کیوایم (پاکستان) لیاری ٹاؤن کے کارکن محمد حسین ولد جان محمد کو آج میوہ شاہ کے قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپردخاک کردیا گیا ۔ شہید کی نماز جنازہ رنچھوڑ لائن میں واقع حنفیہ مسجد میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ اور تدفین میں ایم کیوایم (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار ، رابطہ کمیٹی کے رکن عادل خان ، میئر کراچی وسیم اختر ، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا ، ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ارکان ، لیاری ٹاؤن آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین ، یوسیز کے عہدیداران ، کارکنان ، ہمدردوں اور شہید کے عزیز واقارب نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔
محمد حسین شہید کی نمازجنازہ کے بعد میڈیا کے نمائندگان کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ کل ایم کیوایم (پاکستان ) کے ایک اور اسیر کارکن محمد حسین جو کہ جھوٹے الزام میں جنوری 2015ء جیل میں پابند سلاسل تھے ہم سے بچھڑ گئے ہیں ، محمد حسین جان شہید ایم کیوایم کے پرانے اور نظریاتی کارکن تھے اور ان کے پسماندگان میں 5بیٹیاں ، 1بیٹا اور بیوہ شامل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ محمد حسین کو جیل میں دل کا دورہ پڑا تھا اور انہیں سول اسپتال لے جایا گیا جبکہ انہیں کسی دل کے اسپتال میں منتقل کرناچاہئے تھا اور ان کی زندگی بچائی جاتی چاہے علاج و معالجہ کے اخراجات ایم کیوایم پاکستان سے لے لئے جاتے لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ محمد حسین جان شہید ایم کیوایم (پاکستان) کے آٹھویں کارکن ہیں جو جیل میں صحت کی سہولت بروقت نہ ملنے کے باعث شہید ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ ہمیں اس طرح کا پاکستانی تسلیم نہیں کیا جاتا جس طرح پنجاب ، سندھ اور خیبر پی کے کے لوگوں کو سمجھاجاتا ہے ۔ انہوں نے حکمرانوں کو متنبہ کیا کہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے ، شہری سندھ کو بلدیاتی نظام میں بھی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ، میئر اور کاؤنسل کو بے اختیار رکھاجارہا ہے ، سوال یہ ہے کہ کب تک ہمارے لوگون کو بے اختیار رکھاجائے گا اورکب تک آزمایاجائے گا اوراب ہمارا قتل عام بند ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ جیل میں جتنے بھی قیدی ہیں چاہے ان کا تعلق ایم کیوایم سے ہو یا نہیں سب کو طبی سہولیات ملنی چاہئیں اور بے حسی کا سلسلہ بند کیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم (پاکستان ) کے 11سو اسیر کارکن ہیں جن کے مقدمات نہیں چل رہے ہیں ، اب ان کے مقدمات چلنے چاہئیں اور تاریخیں دینے کا سلسلہ بند ہوجانا چاہئے ۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندگان سے کہا کہ ہماری اس بات کو لوگوں تک پہنچائیں، ہم پرامن سیاسی جدوجہد کررہے ہیں ، ہم مخیر حضرات سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے جوکارکن جیلوں میں قید ہیں ان کی ضمانتوں کیلئے ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں ، مخیر حضرات خود جیل میں جاکر معلومات کریں اور ایسے اسیرکارکنان کی ہر ممکن معاونت کریں ۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاکہ پالیسیوں پر عدالتوں کو نہیں چلنا چاہئے بلکہ انہیں عدل و انصاف کرنا چاہئے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ، ایم کیوایم کے اسیر کارکنوں کے جھوٹے مقدمات پر کمیشن تشکیل دیاجائے اور انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیاجائے ۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے محمد حسین جان شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہ ارکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔

Tags: ,

More Stories From Top